چین اور شمالی کوریا نے ہمیشہ باہمی اعتماد اور حمایت کو برقرار رکھا ہے، چینی وزیر خارجہ

بیجنگ( ویب ڈیسک) چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے پیانگ یانگ کے کم سوسان اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں شمالی کوریا کی وزیر خارجہ چوئی سون ہوئی کے ساتھ ملاقات کی۔جمعہ کے روز وانگ ای نے کہا کہ رواں سال چین-شمالی کوریا دوستی، تعاون اور باہمی تعاون کے معاہدے کے قیام کی 65ویں سالگرہ ہے۔ گزشتہ 65 برسوں کے دوران، بین الاقوامی اور علاقائی صورتحال میں خواہ کتنی ہی تبدیلیاں کیوں نہ آئیں، چین اور شمالی کوریا نے ہمیشہ باہمی اعتماد اور حمایت کو برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین، دونوں جماعتوں اور دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاقِ رائے کو بنیادی رہنما اصول بناتے ہوئے، دوطرفہ تعلقات کے مثبت رجحان کو مزید مستحکم کرنے اور خطے میں امن و ترقی کے فروغ کے لیے شمالی کوریا کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

چوئی سون ہوئی نے کہا کہ چین اور شمالی کوریا کے درمیان دوستانہ تعاون کو فروغ دینا شمالی کوریا کی پارٹی اور ریاست کا مستقل اور غیر متزلزل مؤقف ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ شمالی کوریا ایک چین کے اصول کی مکمل حمایت کرتا ہے اور چین کے اندرونی معاملات میں کسی بھی مداخلت کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شمالی کوریا تائیوان، شی زانگ اور سنکیانگ سمیت مرکزی مفادات کے معاملات پر چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے، اور جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ کی جانب سے پیش کردہ انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کے تصور اور چار گلوبل انیشی ایٹوز کو مکمل طور پر سراہتا ہے۔ شمالی کوریا چین کے ساتھ مل کر دونوں پارٹیوں اور ممالک کے اعلیٰ رہنماؤں کے اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد کرنے، مختلف شعبوں میں تبادلے اور دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے بھرپور کوشش جاری رکھے گا۔فریقین نے موجودہ بین الاقوامی اور علاقائی امور پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

Comments (0)
Add Comment