پاک-چین لازوال دوستی کے حوالے سے مشترکہ آرٹ نمائش کا انعقاد

پاکستان اور چین کے مابین ثقافتی ہم آہنگی پائی جاتی ہے،وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم

اسلام آباد (ویب ڈیسک) چائنا میڈیا گروپ اور پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے باہمی اشتراک سے “چین-پاکستان آرٹ نمائش” کا انعقاد کیا گیا، جو پاک-چین لازوال دوستی اور دونوں ممالک کے درمیان پچھتر سالہ سفارتی تعلقات کے تناظر میں منعقد کی گئی۔بدھ کے روزتقریب میں وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات صرف اسٹریٹجک یا سفارتی سطح تک محدود نہیں بلکہ عوامی سطح پر بھی دونوں ممالک کے درمیان گہری ثقافتی اور تہذیبی ہم آہنگی پائی جاتی ہے، جس کا خوبصورت اظہار اس نمائش میں رنگوں اور فن پاروں کے ذریعے کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے ثقافتی اقدامات نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بناتے ہیں بلکہ نوجوان نسل کو بھی اس تاریخی تعلق کی اہمیت سے روشناس کراتے ہیں۔اس موقع پر پاکستان میں چینی سفارت خانے کے ثقافتی قونصلر چھن پھنگ بطور مہمانِ اعزاز شریک تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ “چین-پاکستان آرٹ نمائش” دونوں ممالک کے درمیان پچھتر سالہ سفارتی تعلقات اور لازوال دوستی کی عکاس ہے، جو باہمی اعتماد، ثقافتی ہم آہنگی اور مسلسل تعاون پر مبنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فنونِ لطیفہ کے ذریعے یہ نمائش دونوں اقوام کے مشترکہ ثقافتی ورثے اور تخلیقی اظہار کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ باہمی سمجھ بوجھ اور قربت کو فروغ دے رہی ہے، جو پاک-چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

اس موقع پر پارلیمانی سیکریٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن فرح ناز اکبر کا کہنا تھا کہ ثقافت اور فنونِ لطیفہ دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور اس نوعیت کی نمائشیں باہمی احترام، ہم آہنگی اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔نمائش میں پاکستان اور چین کے ممتاز فنکاروں کے فن پارے پیش کیے گئے، جنہیں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے چینی اور پاکستانی شرکاء نے بے حد سراہا اور گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔یہ نمائش دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کے فروغ اور عوامی سطح پر ہم آہنگی کو مزید مستحکم بنانے کی ایک اہم کاوش ہے۔

Comments (0)
Add Comment