چین غیر فوجی اہداف پر ہر قسم کے اندھا دھند حملوں کی مذمت کرتا ہے، چینی ایلچی

خلیج تعاون کونسل کے ممالک کی سالمیت کا مکمل احترام کیا جانا چاہیے، زائی جون

بیجنگ (ویب ڈیسک) چین کے مشرقِ وسطیٰ امور کے خصوصی ایلچی زائی جون نے کویت سٹی میں کویت کے وزیرِ خارجہ شیخ جابر الاحمد الصباح سے ملاقات کی۔پیر کے روز زائی جون نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال مسلسل غیر یقینی ہے، جس کے اثرات کویت سمیت خلیجی ممالک پر بھی پڑ رہے ہیں، جو چین نہیں دیکھنا چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اجازت کے بغیر فوجی کارروائی واضح طور پر بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے اور چین اس کی سخت مخالفت کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین معصوم شہریوں اور غیر فوجی اہداف پر ہر قسم کے اندھا دھند حملوں کی مذمت کرتا ہے۔ خلیج تعاون کونسل کے ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کیا جانا چاہیے، جبکہ توانائی اور اقتصادی تنصیبات جیسے غیر فوجی اہداف کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے اور سمندری راستوں کی سلامتی کو بھی متاثر نہیں ہونا چاہیے۔زائی جون نے کہا کہ فوری جنگ بندی اس وقت اولین ترجیح ہے ۔ عالمی برادری کو متعلقہ فریقین پر زور دینا چاہیے کہ وہ فوری طور پر فوجی کارروائیاں بند کریں تاکہ کشیدگی میں مزید اضافہ نہ ہو۔ انہوں نے کویت کی جانب سے تحمل اور محتاط رویہ اپنانے کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین کویت کے ساتھ مل کر کشیدگی کو کم کرنے اور خطے میں استحکام کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

Comments (0)
Add Comment