بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار اور ارشد وارثی کو عدالت میں طلب کرلیا گیا
ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار اور ارشد وارثی کو عدالت میں طلب کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار اکشے کمار اور ارشد وارثی سمیت ہدایت کار سبھاش کپور کو پونے کی ایک سول عدالت نے جلد ریلیز ہونے والی فلم ’جولی ایل ایل بی‘ میں عدلیہ کی مبینہ توہین کرنے پر عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
بالی ووڈ اداکاروں اور ہدایتکار کیلئے یہ نوٹس وکیل واجد رحیم خان کی جانب سے دائر درخواست کے بعد جاری کیا گیا ہے۔ عدالت نے تینوں کو 28 اکتوبر کو صبح 11 بجے ذاتی طور پر پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
ایڈووکیٹ واجد رحیم خان کے مطابق یہ کارروائی ان کی طرف سے دائر درخواست کے بعد کی گئی ہے، جس میں انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ فلم میں بھارت کے قانونی نظام کا مذاق اڑایا گیا ہے اور عدالتی کارروائی کی توہین کی گئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ درخواست میں، انہوں نے وکیل کے پیشے کو منفی انداز میں پیش کرنے پر اعتراض کیا ہے اور ایک ایسے منظر پر تشویش کا اظہار کیا جہاں ججز کو "ماما” کہا گیا ہے، جو کہ ایک بد زبانی کی اصطلاح کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔
اے این آئی سے بات کرتے ہوئے ایڈووکیٹ واجد رحیم خان نے کہا کہ ’وکلاء کا احترام ہونا چاہیے، اسی لیے میں نے عدالت میں عرضی دائر کی کہ انہوں نے وکلاء اور ججز کے بارے میں جو کچھ بھی دکھایا ہے وہ غلط ہے، میں نے پونے کی عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔ اور عدالت نے اکشے کمار، ارشد والسی اور ڈائریکٹر کو حاضر ہونے کو کہا ہے۔‘
یاد رہے کہ اکشے کمار اور ارشد وارثی کی فلم ’جولی ایل ایل بی 2‘ کا ٹیزر حال ہی میں جاری کیا گیا ہے۔ فلم ستمبر 2025 میں ریلیز کی جائے گی۔