چین پرجارحیت کے دوران جاپانی فوج کے کیمیائی جنگی جرائم کے نئے شواہد
بیجنگ :دوسری جنگ عظیم کے دوران چین کے خلاف حملہ آور جاپانی فوج کے یونٹ 731 کے جرائم کے ثبوت کے میوزیم نے 27 نومبر کو جاپان سے جمع کیے گئے کیمیائی جنگی جرائم کے تین نئے شواہد جاری کیے ہیں ۔ان میں زہریلی گیس پھیلانے والے آلے کا سپلائی کنٹینر ، کیمیکل وارفیئر کے تدریسی نوٹس اور سردیوں میں انجینئرنگ مشقوں کا مواد شامل ہیں ۔ اس بار جاری کردہ حملہ آور جاپانی فوج کا "ٹائپ 95 دستی پورٹیبل زہریلی گیس پھیلانے کا سپلائی کنٹینر اچھی حالت میں موجود ہے ۔اس پر درج تاریخ کے مطابق یہ جولائی 1938 میں تیار کیا گیا تھا جب کہ اس کے تیار کرنے والے ادارے کا نام جاپان اسپیشل اسٹیل کمپنی لمیٹڈ ہے ۔ "گیس پریکٹیشنرز ریویو اینڈ کمنٹری” کے لیے تدریسی نوٹس کی تالیف 1942 میں مکمل ہوئی۔ یہ 39 صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں انسانی جسم میں "مسٹرڈ گیس ” سمیت دیگر زہریلی گیسوں کے حملے سے ہونے والی بیماریوں کے ریکارڈ شامل ہیں۔ ایک اور دستاویز، ” سردیوں میں انجینئرنگ آپریشنز ڈیٹا (کیمیکل وارفیئر سروس)” دسمبر 1938 میں مرتب کی گئی تھی۔ یہ 20 صفحات پر مشتمل ہے اور اسے جاپانی آرمی انجینئرنگ اسکول کے سائتو اسامو یونٹ نے شمال مشرقی چین میں سرد خطے کی فیلڈ مشقوں کے انعقاد کے بعد بنایا تھا۔ سازوسامان کی تیاری، اہلکاروں کی تربیت، اور فیلڈ ٹیسٹ ایک دوسرے کی تصدیق کرتے ہیں اور ایک بار پھر یہ ظاہر کرتے ہیں کہ چین پر جارحیت کے دوران جاپانی فوج کی کیمیائی جنگ انفرادی اقدامات نہیں بلکہ ریاستی سطح پر منظم اور باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت تھی ۔
