پاکستان اور اٹلی میں شعبہ ماربل و معدنی میں تکنیکی تعاون کے فروغ میں پیشرفت
اسلام آباد: پاکستانی ماربل اور پتھر کی صنعت میں تکنیکی تعاون کے امکانات کا جائزہ لینے کیلئے اٹلی کے وفد کا دورہ پاکستان جاری ہے۔
اٹلی کا تکنیکی وفد 27 نومبر تک کراچی اور اسلام آباد کا دورہ کرے گا، جہاں ماربل اور پتھر کی صنعت کا تکنیکی جائزہ لیا جائے گا، اٹلی کا وفد ماربل کی کان کنی، پروسیسنگ اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری میں جدید ٹیکنالوجی کے امکانات کا جائزہ لے گا۔
دورے میں ماربل سٹی کراچی، سندھ اکنامک زونز مینجمنٹ کمپنی اور صنعتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی شامل ہیں، پاکستان اور اٹلی کے درمیان معدنی وسائل سے ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری اور برآمدات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستانی سفیر علی جاوید نے کہا کہ اٹلی کی مہارت اور جدید ٹیکنالوجی سے پاکستان کے ماربل، گرینائٹ، اونکس اور ٹراورٹائن کے ذخائر سے بہتر استفادہ ممکن ہوگا۔
