چائنا میکسنگ کے بعد اب” چائنا ہال” کا رجحان
بیجنگ :چین کے شہر گوانگ چو کے بائیون انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن کسٹمز سے گزرتے ہوئے 27سالہ برطانوی سافٹ ویئر انجینئر ٹام کے تین بڑے سوٹ کیس جب ایکس رے مشین سے گزرے تو اسکرین پر ڈیجیٹل سرکٹس، دھاتی فریمز اور ویکیوم پیک کیے گئے کپڑوں کے واضح اور منظم نقش نظر آئے۔ سکیورٹی اہلکار نے سر اٹھا کر اسے دیکھا تو ٹام نے مسکراتے ہوئے اپنی سیکھی ہوئی چینی زبان میں کہا”من من دانگ دانگ!” (بھرے پڑے ہیں!)یہ سفر کا ایک ایسا انداز ہے جو دنیا بھر کے نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ زی جنریشن سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی نوجوانوں نے بین الاقوامی سیاحت کے روایتی تصور کو نئی شکل دے دی ہے۔ اب وہ روایتی سیاحتی مقامات تک محدود رہنے کے بجائے چین کے دریائے یانگسی ڈیلٹا اور گریٹر بے ایریاکے تجارتی مراکز کو اپنا "خریداری کا گھر” بنا رہے ہیں ۔ اس رجحان نے خریداری پر مبنی سیاحت کی ایک نئی صورت ” ہال اسٹائل ٹوارزم” کو جنم دیا ہے۔ ٹک ٹاک اور انسٹاگرام جیسے عالمی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بے شمار بلاگرز چین میں خریداری کے طریقوں اور رہنمائی پر مبنی ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں۔چائنا میکسنگ کے بعد سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ مقبول ویڈیو عنوانات میں سے ایک اب "چائنا ہال: میں نے صرف چین کا ایک سفر کرکے پیسے کیسے بچائے اور کمائے”بن گیا ہے۔”چائنا ہال”کے عروج کی بنیادی وجہ”میڈ ان چائنا” کے معیار میں بہتری اور قیمت کے مقابلے میں ان کی غیر معمولی افادیت ہے، جس نے مغربی منڈیوں میں طویل عرصے سے قائم قیمتوں کی اجارہ داری اور تجارتی ذرائع کی رکاوٹوں کو چیلنج کیا ہے۔ یورپ اور امریکہ کی منڈیوں میں خوردہ تجارت پر طویل عرصے سے بڑے اداروں کا غلبہ ہے۔ اس کے ساتھ آن لائن پلیٹ فارمز کے بھاری کمیشن، گوداموں اور تشہیر کے اخراجات، درآمدی محصولات اور درمیانی تاجروں کے منافع کو شامل کیا جائے تو عام صنعتی مصنوعات کی قیمتیںاکثر چین کی مقامی منڈی کے مقابلے میں تین سے پانچ گنا تک زیادہ ہو جاتی ہیں۔ مثال کے طور پر لندن میں زیادہ نمبر والے نیلی روشنی سے بچاؤ کے چشمے بنوانے کے لیے پہلے ایک مہنگے آپٹی شن سے وقت لینا پڑتا ہے، پھر ایک سے دو ہفتے انتظار کرنا ہوتا ہے اور آخر میں تین سو سے چار سو پاؤنڈ، بلکہ بعض اوقات سات سو یا آٹھ سو پاؤنڈ تک کا بل ادا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے برعکس گوانگ چو کے کے "آئی ویئر سٹی” میں ٹام نے اپنے موبائل فون میں موجود نظر کے معائنے کی رپورٹ کی مدد سے انتہائی باریک عدسوں اور ٹائٹینیم کے فریموں کا انتخاب کیا ، اور صرف 45 منٹ میں 550 یوآن (تقریباً 60 پاؤنڈ) میں وہ سب کچھ حاصل کر لیا ۔ایک وقت تھا جب چین کے سیاحتی گروپ خالی سوٹ کیس لے کر پیرس اور لندن پہنچتے تھے، جہاں وہ بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹورز کے باہر قطاروں میں کھڑے ہو کر مہنگے برانڈز کے ہینڈ بیگ اور فارمولا دودھ خریدتے تھے۔ اس وقت ان کی توجہ بیرونی دنیا کے برانڈز کی علامتی حیثیت حاصل کرنے پر ہوتی تھی۔ اس کے بعد ایک دہائی سے زیادہ عرصے میں سرحد پار ای کامرس نے چین کی سپلائی چین کو براہِ راست دنیا بھر کے صارفین کے موبائل فونز تک پہنچا دیا۔ اب صورت حال بدل چکی ہے اور مغربی ممالک کے نوجوان خالی سوٹ کیس لے کر چین کے تجارتی مراکز کا رخ کر رہے ہیں۔ چینی مصنوعات کی مسابقتی قوت کو اب صرف "سستی اور معیاری” تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔ اس قوت کی بنیاد قیمت، معیار، برانڈ، ثقافت اور تجارتی ماحول کے ایسے مجموعے پر ہے جس کا متبادل تلاش کرنا آسان نہیں، اور یہ خصوصیت مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ اس تبدیلی کے پس منظر میں گزشتہ بیس برس سے زیادہ عرصے کے دوران صارفین کی قوتِ انتخاب اور خریداری کے رجحانات میں آنے والی ایک گہری تبدیلی پوشیدہ ہے۔تاہم صرف مناسب قیمتیں اس مقبول رجحان کو برقرار نہیں رکھ سکتیں۔ اصل وجہ یہ ہے کہ چین نے گزشتہ برسوں کے دوران ” ہال اسٹائل ٹوارزم” کے لیے درکار بنیادی سہولیات کو خاموشی سے بہتر بنایا ہے۔پہلا دروازہ ویزا ہے: چین کی نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کی تازہ ترین پالیسی کے مطابق، چین نے 57ممالک کے شہریوں کے لیے 240 گھنٹے(10 دن) کی ٹرانزٹ ویزا فری سہولت فراہم کی ہے۔ اس سہولت کے تحت داخلے کے مجاز مقامات کی تعداد 60 سے بڑھا کر 65 کر دی گئی ہے، جبکہ یہ 24 صوبائی سطح کے علاقوں تک پھیلی ہوئی ہے۔ اس دوران مسافر اپنی سہولت کے مطابق سیاحت، کاروباری سرگرمیوں اور رشتہ داروں سے ملاقات کا انتظام کر سکتے ہیں۔ دوسری اہم سہولت ادائیگی کا نظام ہے۔ ماضی میں چین آنے والے غیر ملکیوں کے لیے ادائیگی ایک بڑی مشکل تھی۔ "پیسے ہونے کے باوجود خرچ نہیں کر سکتے” ان کی عام شکایت بن گئی تھی۔ اب علی پے اور وی چیٹ پے پر غیر ملکی بینک کارڈ براہِ راست منسلک کیے جا سکتے ہیں، جبکہ غیر ملکی موبائل نمبر کے ذریعے اکاؤنٹ رجسٹر کرکے چین میں خریداری کا سلسلہ شروع کرنا بھی ممکن ہو گیا ہے۔تیسری سہولت ٹیکس ریفنڈ کی ہے۔2025 میں، شنگھائی، بیجنگ سمیت دس پائلٹ مقامات پر "فوری ریفنڈ” کے نظام میں 22 گنا اضافہ ہوا۔2026 میں متعارف کرائی گئی اپ گریڈڈ پالیسی کے تحت ٹیکس ریفنڈ کے لیے کم از کم خریداری کی حد 500 یوآن سے گھٹا کر 200 یوآن کر دی گئی۔ دس ہزار یوآن سے کم مالیت کی درخواستوں کے لیے رینڈم چیک، مکمل پیپر لیس پروسیس، اور کسی بھی جگہ سے ریفنڈ کی منظوری شامل ہے۔یوں ، انتہائی جدید سپلائی چین، کیش لیس ادائیگی، فوری ٹیکس ریفنڈ اور ٹرانزٹ ویزا فری پالیسی مل کر چین کو ایک طاقتور خریداری کا مرکز بنا رہے ہیں، اور یہ کوئی حیرت کی بات نہیں۔ سرکاری اعداد و شمار بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ یہ محض سوشل میڈیا کی عارضی مقبولیت نہیں۔ 2025 میں چین آنے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد 3 کروڑ 51لاکھ 70 ہزار رہی، جبکہ ملک بھر میں ٹیکس ریفنڈ کے تحت فروخت کی مجموعی مالیت تقریباً گزشتہ دس برس کے مجموعے کے برابر پہنچ گئی۔بین الاقوامی تجارت میں مسابقت اور غیر یقینی صورت حال اپنی جگہ موجود ہے، لیکن روزمرہ زندگی کی رونقوں کے درمیان نوجوانوں نے ٹکٹوں اور سوٹ کیسوں کے ذریعے اپنا عملی فیصلہ سنا دیا ہے۔ وہ دنیا کے دوسرے کنارے سے چین پہنچتے ہیں، "میڈ ان چائنا” مصنوعات سے اپنے سوٹ کیس بھر کر لے جاتے ہیں اور اپنے پیچھے خوشی اور مسرت کی یادیں چھوڑ جاتے ہیں۔سوشل میڈیا پر وہ کروڑوں نوجوانوں کو بتاتے ہیں کہ دنیا میں ایک ایسی جگہ بھی موجود ہے جہاں ایک ہی وقت میں مستقبل کی ٹیکنالوجی کا احساس، روزمرہ زندگی کی حقیقی رونق اور سیاحت کے ساتھ پیسے بچانے یا کمانے کا لطف حاصل کیا جا سکتا ہے۔”چائنا میکسنگ” کے تحت چینی طرزِ زندگی کے تجربات کی مقبولیت سے لے کر "چائنا ہال” کے ذریعے چینی مصنوعات کی عالمی سطح پر پذیرائی تک، انٹرنیٹ پر ازخود ابھرنے والا یہ رجحان چین کے کھلے پن، سائنسی ترقی اور صنعتی اپ گریڈیشن کی واضح عکاسی کرتا ہے۔ جب ٹام لندن واپس پہنچتا ہے تو گوانگ چو میں صرف 45 منٹ میں تیار کیے گئے چشمے پہن کر، شن زن سے خریدے گئے مکینیکل کی بورڈ پر کام کرتے ہوئے وہ اپنے ساتھ لائی گئی مصنوعات سے کہیں بڑھ کر ایک تجربہ لے کر آیا ہے۔ اب معاصر چین اس کے لیے خبروں میں نظر آنے والی کوئی مجرد علامت نہیں ہے، بلکہ ایک ایسی حقیقی زندگی بن چکا ہے جسے کیو آر کوڈ اسکین کرکے، ٹیکس ریفنڈ لے کر، پہن کراور اپنے ساتھ گھر لے جا کر محسوس کیا جا سکتا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ ٹام کے دو ساتھی اگلے ماہ گوانگ چو جانے والے ہیں۔ روانگی سے پہلے ہی انہوں نے ایمیزون سے چار بڑے سائز کے نئے سوٹ کیس ایک ساتھ خرید لیے ہیں۔دنیا اب "میڈ ان چائنا” کے لیے اپنی رفتار اور معمولات بدل رہی ہے۔
