بیجنگ (ویب ڈیسک) چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے معمول کی پریس کانفرنس میں کہا کہ برکس آج کی دنیا میں ابھرتی ہوئی منڈیوں اور ترقی پذیر ممالک کے اتحاد و تعاون کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ماؤ ننگ نے کہا کہ قیام کے بعد سے برکس ممالک نے کھلے پن، جامعیت، تعاون اور مشترکہ کامیابی کے برکس جذبے پر عمل کرتے ہوئے کثیرالجہتی نظام کے دفاع، انصاف و مساوات کے تحفظ اور مشترکہ ترقی کے حصول کے لیے کوششیں کی ہیں اور اب حقیقی معنوں میں گلوبل ساؤتھ کی صفِ اول کی قوت بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین برکس تعاون کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس میں فعال طور پر حصہ لیتا ہے۔ صدر شی جن پھنگ برکس سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے اور اہم خطاب کریں گے۔ چینی صدر موجودہ عالمی صورتحال، برکس میکانزم کی ترقی اور عملی تعاون کو مزید گہرا کرنے سمیت اہم امور پر دیگر ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے اور چین کی اہم تجاویز اور مؤقف پیش کریں گے، تاکہ "گریٹر برکس تعاون” کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے سمت متعین کی جا سکے۔
ماؤ ننگ نے کہا کہ چین برکس کے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر "گریٹر برکس تعاون” کو مستحکم اور دور رس بنانے اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو فروغ دینے میں برکس کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کرنے کو تیار ہے۔
