دونوں ممالک نے ہمیشہ باہمی اعتماد کو برقرار رکھا ہے، وانگ ای کی اسحاق ڈار کے ساتھ گفتگو
بیجنگ (ویب ڈیسک) کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا۔جمعہ کے روز وانگ ای نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی کی جڑیں گہری اور تاریخی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں سے دونوں ممالک نے ہمیشہ باہمی افہام و تفہیم، اعتماد اور حمایت کو برقرار رکھا ہے، جبکہ عملی تعاون مسلسل فروغ پاتا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس نئے آغاز پر وہ نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے رہنماؤں کے اہم اتفاقِ رائے پر عملدرآمد جاری رکھیں گے، چین۔پاکستان ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید گہرا کریں گے اور نئے عہد میں مزید قریبی چین پاکستان ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو تیز کریں گے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں میں پاک۔چین تعلقات ایک منفرد ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا پیچیدہ جغرافیائی سیاسی چیلنجز سے دوچار ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک ہم آہنگی خطے میں استحکام کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں پاک۔چین دوستی مزید ترقی کرتے ہوئے نئی بلندیوں تک پہنچتی رہے گی۔
