جاپان اپنی تاریخ سے سبق سیکھے، وزارت خارجہ
بیجنگ (ویب ڈیسک) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکھون نے یومیہ پریس کانفرنس میں سانائے تاکائیچی انتظامیہ کی جانب سے جاپانی آئین میں ترامیم کی کوششوں کے خلاف جاپانی عوام کے شدید احتجاج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کی آئینی ترامیم کی کوششوں کو نہ صرف جاپان کے اندر بلکہ اس کے ایشیائی ہمسایہ ممالک نیز عالمی برادری میں زیادہ سے زیادہ شکوک و شبہات اور مخالفت کا سامنا ہے۔ چین جاپان پر زور دیتا ہے کہ وہ تاریخ سے سبق سیکھے، اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری کرے اور پرامن ترقی کی راہ پر گامزن رہے۔
مشترکہ مشقوں میں شرکت کے لیے آبنائے تائیوان میں جاپانی سیلف ڈیفنس فورس کے جہازوں کے داخلے کے حوالے سے گو جیاکھون نے کہا کہ جاپان پر دوسری جنگ عظیم کے دوران فلپائن سمیت جنوب مشرقی ایشیائی ممالک پر اپنی جارحیت اور نوآبادیاتی حکمرانی کی سنگین تاریخی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ جاپان کو اپنی جارحیت کی تاریخ پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے عسکری سلامتی کے شعبے میں اپنے قول و فعل میں احتیاط سے کام لینا چاہیے، بجائے اس کے کہ وہ اپنی فوجی طاقت کا مظاہرہ کرکے علاقائی استحکام کو نقصان پہنچائے۔