چینی وزیر خا رجہ اور مصری وزیر خارجہ کا رابطہ، خطے میں کشیدگی کم کرنے پر زور

0

بیجنگ (ویب ڈیسک) چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔جمعرات کے روز مصری وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مصر مختلف فریقوں سے رابطے میں ہے اور مذاکرات کے فروغ کے لیے سرگرم کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اظہار کیا کہ مصر چین کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھتے ہوئے سفارتی کوششوں کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے تاکہ علاقائی اور عالمی سطح پر عدم استحکام کو روکا جا سکے۔ وانگ ای نے کہا کہ چین اور مصر دونوں ذمہ دار بڑے ممالک ہیں، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اجازت کے بغیر فوجی کارروائیوں کی مخالفت کرتے ہیں، شہریوں و سول تنصیبات پر حملوں کو بھی مسترد کرتے ہیں،اور اس بات پر متفق ہیں کہ خلیجی ممالک کو متاثر کرنے سے گریز کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کا جاری رہنا مزید جانی نقصان اور تباہی کا باعث بنے گا اور صورتحال کو مزید پیچیدہ کرے گا۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ متعلقہ فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے فعال کردار ادا کرے، کیونکہ بات چیت کے آغاز سے ہی امن کی امید پیدا ہوتی ہے۔ وانگ ای نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل کے اقدامات ایسے ہونے چاہئیں جو کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ میں مددگار ہوں، نہ کہ طاقت کے استعمال کی حوصلہ افزائی کریں۔ چین نے مصر کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ وہ جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی کے لیے اپنی تعمیری کوششیں جاری رکھے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.